ورلڈ ماسٹر اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کا شاندار کارنامہ، محمد آصف عالمی چیمپئن بن گئے

مناما (نمائندہ خصوصی) بحرین کے دارالحکومت مناما میں جاری آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹر اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارتی حریف برجیش دمانی کو شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں محمد آصف نے 3-4 فریم سے کامیابی حاصل کی۔

فائنل کے ابتدائی دو فریمز میں محمد آصف نے بہترین مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری حاصل کی، تاہم بھارتی کیوئسٹ برجیش دمانی نے اگلے تین فریمز جیت کر مقابلہ 2-3 کر دیا۔ لیکن محمد آصف نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے دونوں فریمز جیت کر مقابلہ 3-4 سے اپنے نام کیا اور عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

ادھر اسی چیمپئن شپ میں پاکستان کے 16 سالہ کیوئسٹ محمد حسنین اختر نے انڈر 17 کیٹیگری میں ویلز کے رائلی پاول کو یکطرفہ مقابلے میں 0-4 سے شکست دے کر ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ حسنین اختر نے پورے میچ میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔

پاکستانی کیوئسٹس کی اس شاندار کامیابی پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور کھیلوں کے حلقے محمد آصف اور حسنین اختر کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں