وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا اقتصادی تعاون کے نئے فریم ورک پر اتفاق

ریاض/اسلام آباد (ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کے فریم ورک کے آغاز پر اتفاق کیا ہے، جس کا مقصد تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

اعلامیے کے مطابق یہ پیش رفت سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہے، جو دونوں ممالک کی قیادت کو متحد کرنے والے اسلامی بھائی چارے اور یکجہتی کے رشتے کی عکاسی کرتی ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ نیا فریم ورک مشترکہ اقتصادی مفادات پر مبنی ہوگا اور اس کے تحت دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

اعلامیے کے مطابق فریم ورک کے تحت اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں کئی ایسے اسٹریٹجک اور اعلیٰ اثرات کے حامل منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جو نجی شعبے کے کردار کو بڑھانے، تجارتی تبادلے میں اضافہ کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اقتصادی تعلقات قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ فریم ورک کے ترجیحی شعبے توانائی، صنعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ ہوں گے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ اس وقت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بجلی کی ترسیل کے منصوبے سمیت کئی مشترکہ اقتصادی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کیلئےبھی مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ فریم ورک دونوں ممالک کے باہمی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیگااور اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پائیدار شراکت داری کے مشترکہ وژن کی توثیق کریگا۔

اعلامیے کے اختتام پر کہا گیا کہ یہ فریم ورک دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے، جب کہ پاکستان اور سعودی عرب کے رہنما سعودی-پاکستانی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے آئندہ اجلاس کے انعقاد کے بھی منتظر ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں