ٹوکیو (رائٹرز/اے ایف پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان کے دورے کے دوران ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر فوجی جھڑپ کے دوران سات ’بالکل نئے اور خوبصورت‘ بھارتی طیارے مار گرائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹوکیو میں کاروباری رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اُن کی انتظامیہ کی جانب سے مختلف ممالک پر عائد ٹیرِف (درآمدی محصولات) کے باعث دنیا میں کئی جنگیں رک گئیں اور کئی ممالک میں کشیدگی کم ہوئی۔
ٹرمپ نے کہا، ’’اگر آپ بھارت اور پاکستان کو دیکھیں تو وہ ایک دوسرے سے الجھنے والے تھے۔ ان کی مختصر جھڑپ میں سات بالکل نئے اور خوبصورت جہاز تباہ ہوئے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اس موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے براہ راست رابطہ کیا اور کہا کہ اگر دونوں ممالک جنگ کرینگےتو امریکا کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کریگا۔
ٹرمپ کے مطابق، ’’ہم نے واضح پیغام دیا کہ اگر تم لڑو گے تو ہم کوئی ڈیل نہیں کرینگے اور صرف 24 گھنٹوں کے اندر معاملہ ختم ہوگیا۔‘‘ تجارت اس بات کی 70 فیصد وجہ ہے کہ دنیا میں جنگیں نہیں ہوتیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی میں ہونے والی جھڑپ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں مبینہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد شروع ہوئی تھی۔ نئی دہلی نے بغیر کسی ثبوت کے اسلام آباد پر حملے کے الزامات عائد کیے تھے جنہیں پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے اس دوران اعلان کیا گیا تھا کہ بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرائے گئے، جن میں فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ بھی شامل تھا۔ پاک فوج نے ثبوت بھی عالمی میڈیا کے سامنے پیش کیے تھے۔
ابتدائی طور پر بھارت نے ان دعوؤں کی تردید کی، تاہم بعد میں طیاروں کی تباہی کا اعتراف کرتے ہوئے درست تعداد بتانے سے گریز کیا۔ نئی دہلی آج تک پاکستان کے چھ طیارے مار گرائے جانے کے سرکاری دعوے کو تسلیم نہیں کرتی۔

