کراچی:گلشنِ معمار کے آغاہسپتال میں فائرنگ، ڈاکٹر کاشف جاں بحق

کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں واقع آغاہسپتال میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ڈاکٹر کاشف جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ گلشنِ معمار کے سیکٹر ایکس ٹو میں واقع آغا اسپتال میں پیش آیا، جہاں ڈاکٹر کاشف شعبہ بیرونی مریضان میں مریضوں کا معائنہ کر رہے تھے کہ 2 مسلح ملزمان اسپتال میں داخل ہوئے اور ان پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے ڈاکٹر کاشف شدید زخمی ہوگئے، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، جبکہ ذاتی تنازع سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مقتول ڈاکٹر کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔