ہملٹن سینٹر میں رہائشی بحران کے حل کیلئےاسلم راناکا پارلیمنٹ میں خطاب

ہملٹن(نمائندہ خصوصی) ہملٹن سینٹر کے رکن پارلیمنٹ اسلم رانا نے ایوان میں ملک گیر رہائشی بحران پر زور دار خطاب کیا اور عوام کیلئے سستے اور پائیدار گھروں کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت کی کوششوں کا جائزہ پیش کیا۔

ایم پی اسلم رانا نے کہا کہ “کینیڈا میں رہائشی بحران کے حل کیلئےفوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ گھریلو اخراجات کم ہوں اور عوام کو قابلِ استطاعت اور پائیدار گھر دستیاب ہوں۔” انہوں نے مزید کہا کہ ہملٹن سینٹر میں حال ہی میں کوئنٹن اسٹریٹ پر 82 نئے گھروں کی تعمیر مکمل ہونے کا جشن منایا گیا، جس میں وفاقی حکومت اور سٹی آف ہملٹن نے حصہ لیا۔

مزید براں، ایم پی نے گیج ایونیو نارتھ پر 40 یونٹ کا سپورٹیو ہاؤسنگ منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا، جس میں مقامی انڈجینس کمیونٹی کیلئےبے گھری سے نکلنے والے افراد کو پناہ فراہم کی جائے گی، اس منصوبے میں 12 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آئندہ ہفتے کیوانس ہومز کے ساتھ بارٹن اسٹریٹ ایسٹ پر نئے منصوبے کا آغاز ہوگا، جو دوبارہ ہملٹن سینٹر میں واقع ہوگا۔

اسلم رانا نے کہا”ہم کمیونٹی پارٹنرز کے ساتھ مل کر ایسے گھروں کی تعمیر کر رہے ہیں جس کی شرح دوسری عالمی جنگ کے بعد کبھی نہیں دیکھی گئی۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی فنڈز اور مقامی اقدامات کے ذریعے ہملٹن سینٹر میں رہائشی بحران کے حل کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے۔

ایم پی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی رہائشی پالیسیوں اور منصوبوں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہر خاندان کیلئےمحفوظ، سستا اور پائیدار گھر ممکن بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں