ریاض (نامہ نگار)ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دہائیوں پر محیط تاریخی رشتے ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک اب دوستی اور تعاون کے نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان گہری اور پائیدار دوستی کا واضح ثبوت ہے، جبکہ ہمیں حرمین شریفین کے محافظ ہونے پر فخر ہے۔
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اپنے سرکاری دورۂ سعودی عرب کے دوران ریاض میں سفارت خانہ پاکستان پہنچے، جہاں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے اپ گریڈ قونصلر ہال اور پاسپورٹ سیکشن کا افتتاح کیا اور سفارت خانہ پاکستان میں آنے والے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی وزیراعظم نے کمیونٹی اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ورکرز قوم کا فخر ہیں، جو اپنی محنت، لگن اور دیانتداری سے زرمبادلہ بھیج کر ملک و قوم کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں موجود لاکھوں پاکستانی محنت کش دوستی کے اس رشتے کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اسی جذبے اور لگن کے ساتھ اپنے وطن کیلئے خدمات سرانجام دیتے رہیں۔

