ابوظہبی (خلیجی میڈیا) متحدہ عرب امارات کی تاریخ کی سب سے بڑی لاٹری 100 ملین درہم (تقریباً 7 ارب 65 کروڑ پاکستانی روپے) جیتنے والے خوش قسمت شخص کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہے۔
خلیجی ذرائع کے مطابق، ابوظہبی میں مقیم 29 سالہ انیل کمار بولا وہ خوش نصیب ہیں جنہوں نے بِگ ٹکٹ لاٹری کے ذریعے یہ تاریخی انعام جیتا۔
انیل کمار بولا کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی خاص حکمتِ عملی نہیں اپنائی تھی بلکہ اپنی والدہ کی سالگرہ کے مہینے کی مناسبت سے نمبر 11 کا انتخاب کیا، اور ایک ہی وقت میں 12 ٹکٹس خریدے تھے۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ”یہ کسی خواب سے کم نہیں، میں بار بار خود کو یاد دلاتا ہوں کہ میں نے 100 ملین درہم جیتے ہیں۔ جب انعام جیتنے کی خبر ملی تو کچھ دیر کے لیے یقین ہی نہیں آیا۔”
انیل کمار بولا نے اپنی خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک سپر لگژری کار خریدیں گے، اپنی کامیابی کا جشن سیون اسٹار ہوٹل میں منائیں گے اور اپنے خاندان کو ابوظہبی منتقل کر کے ان کی مالی مدد کرینگے۔ وہ انعامی رقم کو صحیح مقاصد کیلئےاستعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کا کچھ حصہ فلاحی کاموں پر خرچ کرینگے۔

