اسٹیفنی بومن کا اونٹاریو لبرلز کو عوام کا اعتماد حاصل کرنے اور معاشی مسائل کے حل پر توجہ دینے کا مشورہ

ٹورنٹو (اشرف خان لودھی سے) اونٹاریو لبرل پارٹی کی قیادت کی امیدوار اسٹیفنی بومن نے کہا ہے کہ ڈگ فورڈ حکومت کی ناکامیاں خودبخود لبرل پارٹی کی کامیابی نہیں بن سکتیں، عوام کے ووٹ کسی جماعت کا حق نہیں بلکہ انہیں اعتماد حاصل کرکے اپنی حمایت میں تبدیل کرنا پڑتا ہے۔

قیادت کے انتخاب کے نتائج کے اعلان کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسٹیفنی بومن نے کہا کہ آج کا دن صرف اس بات کا فیصلہ نہیں کہ پارٹی کی قیادت کون کرے گا بلکہ یہ بھی طے کرنے کا موقع ہے کہ لبرل پارٹی مستقبل میں کیا کردار ادا کرے گی اور اونٹاریو کے عوام کو کیا پیشکش کرے گی۔

انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ساتھ دینے والے شوہر ڈیو، بچوں میڈی اور لیوک، پارٹی کے صوبائی ارکان اور ٹیم کے دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے شوہر کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ ان کی شادی کے 30 برسوں میں گھر کی خریداری کی ذمہ داری شوہر نے سنبھالی جبکہ کھانا وہ خود پکاتی رہی ہیں، تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران ان کے شوہر کھانا پکانے میں بھی خاصے ماہر ہوگئے ہیں۔

اسٹیفنی بومن نے کہا کہ پارٹی کو ان لوگوں تک پہنچنا ہوگا جو اپنے بچوں کو کھانا کھلانے کے لیے خود بھوکے رہ جاتے ہیں، وہ کارکن جو ملازمت سے محروم ہوچکے ہیں یا ہر روز اس خدشے کے ساتھ کام پر جاتے ہیں کہ کہیں اگلی باری ان کی نہ ہو، اور وہ چھوٹے کاروباری افراد جو اپنے کاروبار کو جاری رکھنے کے لیے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اونٹاریو میں حالات ضرورت سے کہیں زیادہ مشکل ہوتے جارہے ہیں۔ صوبے میں بے روزگاری کی شرح بڑے صوبوں میں سب سے زیادہ ہے، خاندان اپنی استطاعت کے مطابق گھر تلاش کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں جبکہ کاروباری طبقہ غیر یقینی صورتِ حال سے پریشان ہے۔

انہوں نے ڈگ فورڈ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عوامی وسائل جماعتی تشہیر پر ضائع کیے گئے، طلبہ کی مالی معاونت کے پروگرام سے متعلق اسکینڈل سامنے آیا، سائیکل چلانے والوں کے لیے مخصوص راستے ختم کیے گئے اور صحت کے نظام کو درست انداز میں چلانے میں ناکامی ہوئی، جبکہ حکومت شاہراہ 401 کے نیچے سرنگ بنانے جیسے منصوبوں میں دلچسپی دکھاتی رہی۔

اسٹیفنی بومن نے کہا کہ وہ اعداد و شمار کو سمجھتی ہیں اور کنزرویٹو حکومت کے پیش کردہ اعداد و شمار حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان کے مطابق اونٹاریو میں ایک مضبوط معیشت قائم کی جاسکتی ہے، صوبے کو کاروبار کے لیے آسان ترین مقام بنایا جاسکتا ہے اور صحت، تعلیم اور عوامی خدمات جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے لبرل پارٹی کے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈگ فورڈ حکومت کی ناکامیاں لبرلز کی کامیابی نہیں ہیں۔ عوام لبرل پارٹی کو ووٹ دینے کے پابند نہیں، پارٹی کو ان کا اعتماد حاصل کرنا اور انہیں حمایت کی معقول وجہ فراہم کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اسی مقصد کے لیے قیادت کی دوڑ میں شامل ہوئی تھیں تاکہ ایسی جماعت کی تشکیل میں کردار ادا کرسکیں جو معیشت کو سمجھتی ہو، عوام کو ترجیح دیتی ہو اور انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

اسٹیفنی بومن نے اپنی ٹیم کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ نودیپ بینز، لی فیئرکلاف، ڈیلن مارانڈو اور ان کی ٹیموں کی پیش کردہ اچھی تجاویز کو بھی مستقبل کے انتخابی منشور میں شامل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے انتخابی مہم کے دوران ملنے والے افراد کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک زیرِ تربیت خاتون اپنے پیشے میں ترقی کے لیے ضروری کورسز میں داخلے کی کوشش کررہی تھی، ایک مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والی کارکن اپنے بچے کے بہتر مستقبل کے لیے دن میں دو اور بعض اوقات تین شفٹیں کررہی تھی، جبکہ کئی خاندان اپنے بزرگوں کے لیے طویل مدتی نگہداشت کی سہولت تلاش کررہے تھے۔ کسان اور کاروباری افراد بھی صوبوں کے درمیان تجارت میں حائل رکاوٹوں سے پریشان تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام لوگ محنت کررہے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں، انہیں ایسی حکومت ملنی چاہیے جو اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔