امریکا :براؤن یونیورسٹی میں اندھا دھند فائرنگ، 2 افراد ہلاک، 8زخمی

پروویڈنس (غیر ملکی خبر ایجنسیاں) امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس میں براؤن یونیورسٹی کی انجینرنگ بلڈنگ میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 8 افرادشدید زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق حملہ آور انجینئرنگ اور فزکس کی عمارت میں داخل ہوا جہاں طلبہ فائنل امتحانات دے رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور سیاہ لباس میں ملبوس مرد ہے جو فائرنگ کے بعد پیدل فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ یونیورسٹی اور قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔قبل ازیں فائرنگ کے وقت پبلک سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے طلباء و طالبات کو محفوظ مقامات پر چھپ جانے کی ہدایت دی گئی تھی۔یونیورسٹی نے فوری طور پر الرٹ جاری کیا کہ تمام طلبا اپنی کلاس رومز کے دروازے بند کردیں اور فونز کو سائلنس پر لگادیں۔

اس حوالےسے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے ایریا میں فائرنگ کی آوازوں کی اطلاع ملی، جس کے فوری بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے یونیورسٹی کو چاروں اطراف سے گھیر لیا اور مشتبہ شوٹر کی تلاش شروع کردی۔بعد ازاں رہوڈ آئی لینڈ میں واقع براؤن یونیورسٹی کو فائرنگ کے واقعے کے بعد بند کردیا گیا ہے، خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کے تعلیمی اداروں میں فائرنگ کا یہ 70واں واقعہ ہے، براؤن یونیورسٹی میں طلبا کی مجموعی تعداد 11 ہزار ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واقعے پر بریفنگ دی گئی ہے جبکہ سیکریٹ سروس، ایف بی آئی اور اے ٹی ایف سمیت وفاقی ادارے مقامی پولیس کی معاونت کر رہے ہیں۔ادھر رہوڈ آئی لینڈ کے سینیٹر شیلڈن وائٹ ہاؤس نے متاثرہ افراد سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری کی جانے والی اطلاعات پر ہی انحصار کریں۔