ایران سے جنگ مڈٹرم انتخابات کے فوراً بعد ختم ہوجائیگی: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (رائٹرز، اے پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ امریکی مڈٹرم انتخابات کے فوراً بعد ختم ہوجائے گی، جبکہ ان کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے بعد تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی کوشش نہیں کررہا، تاہم ایران کے ساتھ مذاکرات کا امکان موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے میں امریکا صرف جوہری معاہدے تک محدود نہیں بلکہ اس سے آگے بڑھ کر کام کررہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں ایران مڈٹرم انتخابات تک جنگ جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں رہے گا اور انتخابات کے فوراً بعد جنگ ختم ہوجائے گی۔ امریکی مڈٹرم انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے۔امریکی صدر نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں پر عائد پابندیوں کے معاملے پر اسرائیل سے بات کرنے کا بھی عندیہ دیا۔

یوکرین جنگ سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ چاہتے ہیں۔ دوسری جانب روس نے بھی کہا ہے کہ امریکا کی ثالثی میں روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کی امید ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی ہے۔ رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر پہنچ گئی، جس سے امریکی معیشت اور مڈٹرم انتخابات سے قبل مہنگائی اور ایندھن کی قیمتوں کے حوالے سے دباؤ بڑھ گیا ہے۔