برامپٹن (نمائندہ خصوصی)برامپٹن ساؤتھ سے رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے یومِ مزدور کے موقع پر کینیڈا بھر کے محنت کشوں، مزدور تنظیموں اور یونینز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن کینیڈا کی خوشحالی اور کامیابی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔
سونیا سدھو نے کہا کہ یومِ مزدور ان کارکنوں کی لگن، مہارت اور محنت کو تسلیم کرنے کا موقع ہے جو اپنی برادریوں کو مضبوط اور ملکی معیشت کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کے کارکنوں، اساتذہ، ہنرمند کاریگروں، صنعتی شعبے کے ملازمین اور چھوٹے کاروباروں سے وابستہ افراد سمیت کینیڈا کے محنت کش ملک کی ہر کامیابی کا مرکز ہیں۔
رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے کہا کہ کئی نسلوں سے کینیڈین شہریوں کے لیے بہتر اجرت، محفوظ کام کی جگہوں، پنشن، مراعات اور ملازمت سے متعلق تحفظات کے حصول میں مزدور یونینز نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں رہائش، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے، توانائی کی راہداریوں اور اہم معدنیات کی ترقی سمیت بڑے قومی منصوبوں میں سرمایہ کاری جاری ہے، ایسے میں وفاقی حکومت اس امر کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے کہ محنت کشوں کو کامیابی کیلئے درکار ہنر اور مواقع دستیاب ہوں۔
سونیا سدھو کے مطابق حکومت کے ’’ٹیم کینیڈا اسٹرونگ‘‘ جیسے اقدامات کے ذریعے 2031 تک ایک لاکھ ہنرمند کاریگروں کو بھرتی، تربیت اور روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں یونینز کے زیرِانتظام تربیتی پروگراموں کو مزید مضبوط بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ مزدور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب ہم مل کر کام کرتے، ایک دوسرے کا ساتھ دیتے اور اپنے لوگوں پر سرمایہ کاری کرتے ہیں تو کینیڈین شہریوں کی کامیابیوں کی کوئی حد نہیں۔سونیا سدھو نے برامپٹن ساؤتھ اور کینیڈا بھر کے محنت کشوں، مزدور تنظیموں اور آجران کا ایک مضبوط، زیادہ جامع اور خوشحال ملک کی تعمیر میں مسلسل کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

