اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد پاکستان کے نئے سیکریٹری خارجہ مقرر

اسلام آباد (نامہ نگار) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد کو ملک کا نیا سیکریٹری خارجہ مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔اسحاق ڈار کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نئی سفارتی تعیناتیوں کی منظوری دے دی ہے۔

اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ اس وقت اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے سفیر عاصم افتخار احمد آئندہ پاکستان کے سیکریٹری خارجہ ہوں گے۔

نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ عاصم افتخار احمد کی قیادت میں وزارتِ خارجہ پاکستان کے مفادات کو پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔دوسری جانب اسحاق ڈار نے موجودہ سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی خدمات کو بھی سراہا۔ آمنہ بلوچ 11 ستمبر 2024 سے پاکستان کی 33ویں سیکریٹری خارجہ کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں اور 17 ستمبر کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوں گی۔

اسحاق ڈار کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد آمنہ بلوچ ترکیہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آمنہ بلوچ نئی ذمہ داری میں بھی پاکستان کی مؤثر انداز میں خدمت جاری رکھیں گی۔سفیر عاصم افتخار احمد نے بھی اپنی نئی ذمہ داری کو اپنے لئے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔