ناگویا (غیر ملکی میڈیا) جاپان کے شہر ناگویا میں ایک گھنٹے کے دوران 105 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث گٹر اُبل پڑے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ بارش کا پانی عمارتوں، میٹرو اسٹیشنز اور خریداری مراکز میں داخل ہوگیا۔
ریکارڈ سطح کی طوفانی بارش کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوا اور شہر میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ناگویا میں 19 ستمبر سے ایشین گیمز بھی شیڈول ہیں، تاہم شدید بارش کے باعث بعض مقابلوں کے مقامات میں بھی پانی داخل ہوگیا۔منتظمین کے مطابق کسی ایتھلیٹ یا عملے کے رکن کو نقصان نہیں پہنچا اور تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ناگویا کے میئر نے کہا ہے کہ 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ایشین گیمز شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔

