ڈھاکا( اسپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ 2025 کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے، تاہم پاکستان کو سفارتی محاذ پر اہم کامیابی ملی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کا دو ٹوک فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے دو روز قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ 24 جولائی کو ہونے والے اے سی سی کے سالانہ اجلاس کی میزبانی سے دستبردار ہو جائے۔ تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے واضح کر دیا کہ اجلاس طے شدہ شیڈول کے مطابق ڈھاکا میں ہی منعقد ہو گا۔
اس پیش رفت کو پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کے لیے بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ محسن نقوی کی قیادت میں اے سی سی نے تمام رکن ممالک کو زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی سہولت بھی فراہم کر دی ہے تاکہ کسی کو شرکت سے انکار کا جواز نہ ملے۔
واضح رہے کہ بھارت کی میزبانی میں رواں سال ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے میگا ایونٹ کے نیوٹرل وینیوز سمیت دیگر اہم معاملات پر اس اجلاس میں فیصلے متوقع ہیں۔ بھارتی دباؤ کے باعث سری لنکا، افغانستان اور عمان نے اجلاس کے مقام پر تحفظات ظاہر کیے تھے، تاہم اب بنگلہ دیش کی حمایت سے پاکستان کا مؤقف مضبوط ہو گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی یہ کامیابی ایشیا کپ کی میزبانی، وینیو کی تقسیم اور دیگر اہم فیصلوں پر اس کا اثر ڈال سکتی ہے۔مزید پیش رفت کیلئے اے سی سی کے سالانہ اجلاس کے بعد حتمی اعلامیہ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

