بلاول نے اپنی گفتگو پر صدر زرداری کو اعتماد میں نہیں لیا تھا: حامد میر

پریس کلب میں گفتگو کے بعد بلاول بھٹو نے صدر مملکت کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی
سینئر صحافی کا تجزیہ وزیراعظم اور صدر زرداری کی ملاقات میں معاملات مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے انکشاف کیا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں اور ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق اپنی حالیہ دھماکہ خیز گفتگو پر صدر مملکت آصف علی زرداری کو پیشگی اعتماد میں نہیں لیا تھا۔

حامد میر کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اپنی پوزیشن واضح کرنے کی کوشش کی ہے، جبکہ ایوانِ صدر میں پیپلز پارٹی کے اہم اجلاس اور صدر آصف علی زرداری و بلاول بھٹو کی ون ٹو ون ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال کو تحمل اور مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دوسری جانب بلاول بھٹو کے سخت مؤقف کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے بھی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پچھلی آئینی ترامیم کی طرح آئندہ بھی تمام اہم معاملات اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے طے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس نظام کے ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہیں، اس کے باوجود ان سے مشاورت نہیں کی گئی۔ تاہم حکومتی حلقوں اور وفاقی وزراء کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ انتظامی یونٹس کی بات گورننس کی بہتری کے لیے ہو رہی ہے اور صدر و وزیراعظم بات چیت کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔