26 کروڑ پاکستانیوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے والے چھ پاکستانی سخت اضطراب میں ہیں ۔ان میں سب سے کم عمر نےاسی اضطرابی حالت میں کراچی پریس کلب میں کھلی کھلی باتیں کر کے 50 برس سے 76 سال کے درمیان زندگی گزارنے والوں کے پاؤں تلے سے زمین کھینچ لی ہے ۔یہ طے ہوگیا کہ موجودہ شراکت اقتدار اور 26ویں 27ویں ترمیم کے ذریعے وجود میں لایا گیانظام چل نہیں رہا ہے۔ اور بلاول کا زور اس بات پر بھی تھاکہ پی ٹی آئی کو اپنا سیاسی کردار ادا کرنے کا کھلا موقع دیا جانا چاہیے۔
آج اتوار ہے۔ اپنے بیٹے بیٹیوں، پوتے پوتیوں، نواسے نواسیوں، بہوؤں دامادوں کے ساتھ دوپہر کے کھانے پر اکٹھے بیٹھنے اور اس عظیم مملکت کے سنگین حالات پر تبادلہ خیال کا دن اور نماز عصر کے بعد محلے داری اور ہمسایوں کو درپیش بے چینی اپنی مشاورت سے دور کرنے کا لمحہ۔ ایک صحافی کی حیثیت سے دیکھتا آ رہا ہوں کہ جتنے سیٹ اپ کسی اپ سیٹ کی کوکھ سے جنم لیتے رہے ان کا خاتمہ بھی کسی اپ سیٹ پر ہی ہوا ۔آج جب آٹھ دہائیاں گزر رہی ہیں تو وسائل سے بھری یہ وحدت جو پہلے مغربی پاکستان کہلاتی تھی اب پورا پاکستان ہے ۔ سنگین ترین بحرانوں سے دوچار ہے ۔ مسائل کا حل اپنے دیہات شہروںگلی کوچوں اور پہاڑوں میں ہے۔ ہم واشنگٹن بیجنگ اور ریاض کی طرف دیکھتے ہیں۔ ہماری آبادی اس وقت 26 کروڑ 90 لاکھ ہے ۔رقبہ881913 کلومیٹر ۔ ہمارے ہمسائے حریف زیادہ حلیف کم ہیں۔ بدترین دشمن انڈیا سے ہماری سرحد 2912 کلومیٹر ۔1947 میں ہمیں تسلیم نہ کرنے والے اور اب تازہ تازہ قرار دئے دشمن افغانستان کے ساتھ 2430 کلومیٹر اور ہمیں سب سے پہلے تسلیم کرنے والے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں ہمارا ساتھ دینے والے مگر 40 سال سے امریکی پابندیوں کے دوران ہم نے اس سے تعلقات معمول پر نہیں رکھے اس سے گیس کی پائپ لائن ادھوری چھوڑی ہوئی ہے ایران کے ساتھ ہماری سرحد 909 کلومیٹر ہے۔ اپنے عظیم دوست چین کے ساتھ ہمارے صرف 523 کلومیٹر ہیں ۔ ہمارے اکثر ہمسایوں کے ساتھ تعلقات دوستانہ نہیں ہیں ۔ یہ ایک سنگین چیلنج ہے جس کا احساس ہمارے فیصلہ سازوں کو ہونا چاہیے۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ مختلف سیکٹروں میں ہماری اسلامی جمہوریہ کی درجہ بندی کیا ہے۔ ہمارے حکمرانوں کو اس درجہ بندی کا علم ہے لیکن وہ اس پر اکثریت کو اعتماد میں نہیں لیتے
وہ سمجھتے ہیں کہ صرف اشتہارات اور پینا فلیکسوں سے رینکنگ بہتر ہو جائے گی۔ عالمی درجہ بندی میں صورتحال یہ ہے کہ عدلیہ 143 ملکوں میں 130 ویں درجے پر،قانون کے نفاذ میں 143 میں سے 131 ،کرپشن میں 182 میں 136واں،آزادی صحافت میں 180 میں 153واں ،غربت میں 194 میں 164واں ،ہماری 48 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہےلیکن ہمیں اس کی کوئی تشویش نہیں ہے،خوشحالی میں 161 میں 125واں، زندگی کی عمدگی میں 89 میں 79واں، تعلیم میں 176 میں 152واں، عالمی خوشی میں 147 میں 109،دہشت گردی میں 163 میں پہلا اور بھی بہت سے شعبوں میں ہم بہت پست درجوں میں ہیں۔ مینوفیکچرنگ برآمدات ٹیکنالوجی میں بھی ایسا ہی حال ہے ۔اطمینان بخش درجہ ہمیں فوجی قوت میں حاصل ہوا ہے۔ 145 ملکوں میں ہم 14ویں نمبر پر ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قوم نے جس شعبے میں محنت کی ،توجہ دی ،سرمایہ لگایا، اس میں ہم واقعی پیش پیش ہیں۔ لیکن اکیسویں صدی کا تقاضا یہ ہے کہ ہم دوسرے شعبوں میں بھی اگلی صفوں میں ہوں تو ایک متوازن اور مستحکم مملکت قائم ہو سکتی ہے اور 26 کروڑ کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ ہم بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہیں ۔ ہماری زمین ہمارا ساتھ دے رہی ہے لیکن ہم اسے مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں۔ ہماری زمینوں میں پہاڑوں میں سمندر کی تہوں میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں بہت نوازا ہوا ہے ۔80 سال بعد ہم منرلز فورم تشکیل دے رہے ہیں۔ آٹھ دہائیوں سے سونا تانبہ قیمتی پتھر ہمارا انتظار کرتے آرہے ہیں ۔جن سے ہمارے قرضے بھی اتر سکتے تھے اور ہر پاکستانی خوشحال بھی ہو سکتا تھا۔ اب بھی معدنیات کی دریافت اور برآمد متنازع ہو رہی ہے اور اس کیلئے پاکستانیوں کا خون بھی بہہ رہا ہے حالانکہ معدنیات ہمارا خون بڑھا سکتی تھیں ۔
آج کا پاکستان عوام سے خواص سے سیاسی رہبروں سے فوجی قیادت سے تقاضا کر رہا ہے تدبر بصیرت اور اجتماعی مشاورت کا ۔خوش آئند ہے کہ پارلیمانی جمہوریت کا نظام ہمارے ہاں ہے جس کی بنیاد مضبوط قومی سیاسی جماعتیں ہوتی ہیں ۔لیکن ہماری سیاسی جماعتوں نے رفتہ رفتہ خود کو صرف موروثی کمپنیاں بنا کر رکھ دیا ہے ۔ہم نے جو اپنی سرحدی صورتحال بتائی اور مختلف شعبوں میں درجہ بندی اس سے اگر ان پارٹیوں میں تشویش نہیں پیدا ہوتی تو عوام اور عالمی صورتحال انہیں خود مسترد کر سکتی ہے ۔
سب سے زیادہ ذمہ داری عوام نے اپنا اعتماد پاکستان تحریک انصاف کو دیکھ کر ان پر ڈال دی ہے۔اب تقاضا یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف واہگہ سے گوادر تک اپنے کارکنوں سے اپنے ووٹروں سےمشاورت کرے اپنی تنظیم کو ازسر نو متحرک اور فعال کرے۔ اپنے ضلعی کنونشن منعقد کرے۔ پھر صوبائی اور پھر قومی کنونشن ۔پوری دنیا کی توجہ اس وقت پارٹی کے بانی عمران خان کی صحت کی طرف ہے۔ پوری دنیا سے ہمدردیاں میسر آ رہی ہیں ۔ملک میں بدترین مخالف بھی ان کی صحت پر تشویش ظاہر کر رہے ہیں ۔یہی وقت ہے جب پارٹی کو ہر سطح پر منظم کیا جائے۔ شخصی فیصلہ سازی نے ہمیں اس سنگین بحرانی صورتحال تک پہنچایا ہے۔ اس کا تدارک اجتماعی مشاورت سے ہی ہو سکتا ہے۔ دوسری سیاسی پارٹیاں بھی اگر یہی راستہ اختیار کریں اور ماضی کی غلطیاں نہ دہرائیں ۔اپنے شہزادے شہزادیوں کی نہیں بلکہ 26 کروڑ شہزادوں کی فکر کریں تو ہم اس بحران سے نکل سکتے ہیں۔ سیاسی کارکنوں کو بھی اپنی اہمیت کا احساس ہونا چاہیے وہ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں یا جاگیرداروں کے خادم نہیں ہیں۔ ایک خود مختار ملک کے خوددار فرد ہیں۔ وہ اپنے ملک سے وفاداری کو مقدم کریں۔ ان دنوں چھوٹے بڑے سب پریشان ہیں۔ اجتماعی مشاورت سے ہی ہم اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکتے ہیں۔ غور کیجئے اگر38 سالہ بلاول یہی باتیں پہلے اپنی سیاسی پارٹی کے کارکنوں میں سنٹرل کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد کرتے تو اس کا تاثر اس سے کہیں زیادہ طاقتور ہوتا۔ ماضی میں ہم دیکھتے رہے ہیں کہ جب سیاسی پارٹیاں اپنے اجلاس منعقد کرتی تھیں تو ان کے کارکن پارٹی دفتروں کے باہر انتظار میں بیٹھتے تھے کہ کیا فیصلہ ہونے والا ہے۔ اب جب سے فیصلہ کرنے کے بجائے دوسروں کے فیصلوں پر عمل درآمد کر رہے ہیں تو ہر روز نئے بحران ملک کو تازہ درد میں مبتلا کر دیتے ہیں ۔ہماری گزارش تحقیقی اداروں یونیورسٹیوں اور میڈیا سے بھی ہوگی کہ وہ سرحدی صورتحال اور مختلف شعبوں میں درجہ بندی پر سنجیدگی سے غور کریں اور اس میں بہتری کیلئے لائحہ عمل مرتب کریں۔

