بونی کرومبی نے ٹیکس، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر مؤقف پیش کردیا

مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے)مسی ساگا میں سابق میئر بونی کرومبی کے اعزاز میں خصوصی میٹ اینڈ گریٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کی میزبانی رائل آرک ڈویلپمنٹس کے عشرت کیانی نے کی، جبکہ نمرہ کیانی نے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔

نمرہ کیانی نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ یہ ایک سادہ، پُرسکون اور دوستانہ اجتماع ہے جس کا مقصد لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے، دوبارہ رابطہ کرنے اور خوشگوار وقت گزارنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

عشرت کیانی نے بونی کرومبی کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے سیاسی سفر کا ذکر کیا اور کہا کہ بونی کرومبی مسی ساگا کیلئے کوئی نیا چہرہ نہیں، شہریوں نے مختلف سرکاری عہدوں پر ان کی قیادت کو قریب سے دیکھا ہے۔

انہوں نے بونی کرومبی کے رکنِ پارلیمنٹ، سٹی کونسلر، ریجنل کونسلر اور مسی ساگا کی میئر کی حیثیت سے خدمات کا ذکر کرتے ہوئے شہر کی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔

بونی کرومبی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی محصولات اور ملازمتوں کے ممکنہ نقصان پر شہری فکرمند ہیں، اسی لیے انہوں نے کاروباری اداروں کے تحفظ اور تجارتی محصولات سے پیدا ہونے والے اثرات سے نمٹنے کیلئےایک پالیسی پیش کی ہے۔

انہوں نے مسی ساگا میں آڈیٹر جنرل مقرر کرنے کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے اخراجات کی آزادانہ جانچ ہونی چاہیے اور شہریوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کا پیسہ کہاں خرچ ہو رہا ہے۔

بونی کرومبی نے کہا کہ وہ مالی معاملات کی شفافیت کیلئے حسابات کھولنے سے نہیں گھبراتیں اور آڈیٹر جنرل کے ذریعے آزادانہ جانچ ہونی چاہیے۔

انہوں نے ٹیکسوں کے حوالے سے کہا کہ بلدیاتی اخراجات میں ترجیحات کا تعین ضروری ہے اور پیسہ ایسی چیزوں پر خرچ ہونا چاہیے جن کی واقعی ضرورت ہو، نہ کہ صرف ایسی چیزوں پر جو اچھی لگتی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹیکسوں کو افراط زر کی شرح کے قریب رکھنے کی کوشش کریں گی۔

بونی کرومبی نے مسی ساگا کے ڈاؤن ٹاؤن اور لیونگ آرٹس سینٹر کی ازسرنو تعمیر کے منصوبے پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ موجودہ فنونِ لطیفہ مرکز کو دوبارہ تعمیر کرنے کے منصوبے کی حمایت نہیں کرتیں اور ان کے خیال میں شہریوں کے پیسے سے اس نوعیت کی نئی تعمیر پر بھاری رقم خرچ نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے نئے ہوٹل، کنونشن سینٹر اور نئے فنونِ لطیفہ مرکز کے منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے منصوبوں کی حمایت نہیں کرتیں جن سے شہریوں کے ٹیکسوں پر اضافی بوجھ پڑے۔

بونی کرومبی نے ہیزل مک کالین کے دور سے متعلق ایک سابقہ منصوبے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تحقیقات کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ماضی کے واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں احتیاط کی ضرورت ہے۔

امن و امان کے حوالے سے بونی کرومبی نے کہا کہ شہری گاڑیوں کی چوری، گھروں میں نقب زنی، گھر میں داخل ہو کر گاڑی کی چابیاں چھیننے اور کار جیکنگ کے واقعات کے باعث خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے مسی ساگا پولیس کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے گاڑیوں کی چوری اور کار جیکنگ کے واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے حوالے سے متعدد اعلانات کیے ہیں۔بونی کرومبی نے اپنے بعض دوستوں کے گھروں میں نقب زنی کے واقعات کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ ایسے واقعات سے خاندان خوفزدہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے اپنے دورِ میئر شپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت وہ مختلف علاقوں میں شہریوں اور پولیس کے ساتھ ٹاؤن ہال اجلاس منعقد کرتی تھیں تاکہ رہائشیوں کو جرائم کی نوعیت، احتیاطی تدابیر اور اپنی حفاظت کے طریقوں سے آگاہ کیا جاسکے۔

انہوں نے فیدر اسٹون کے علاقے میں ہونے والی وارداتوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں متعدد گھروں میں نقب زنی اور گاڑیوں کی چوری کے بعد پولیس اور شہریوں کے ساتھ اجلاس کیا گیا تھا۔

بونی کرومبی نے شہریوں کو گاڑیوں کی چوری سے بچاؤ کے لیے محتاط رہنے اور محلے کے لوگوں کے ساتھ رابطہ رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ سرگرمی کی صورت میں پڑوسیوں کو خبردار کرنا اور پولیس سے رابطہ کرنا اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق دور میں پولیس کے ساتھ مل کر ایسے معاملات کا جائزہ لیا جاتا تھا اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جاتی تھی کہ جرائم کہاں ہو رہے ہیں اور ان کی روک تھام کے لیے وسائل کس طرح مختص کیے جائیں۔

بونی کرومبی نے موجودہ میئر کے پولیس بورڈ سے الگ ہونے پر بھی تنقید کی اور اسے اپنی نظر میں ذمہ داری سے دستبرداری قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس بورڈ کی رکنیت کے ذریعے میئر کو شہر میں جرائم کی صورتحال، پولیس کی کارروائیوں اور وسائل کی ضرورت کے بارے میں باقاعدہ معلومات ملتی ہیں۔

ان کے مطابق ان کے دور میں پولیس بورڈ کے ذریعے گاڑیوں کی چوری، ہوائی اڈے پر سونے کی ڈکیتی اور دیگر جرائم سے متعلق بریفنگز ملتی رہیں، جبکہ گاڑیوں کی چوری کے خلاف اجلاس اور دیگر اقدامات بھی کیے گئے۔

بونی کرومبی نے پولیس کیلئے وسائل کی درست جگہ پر فراہمی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جرائم کے واقعات کی بنیاد پر مخصوص علاقوں میں پولیس کے وسائل مختص کیے جاسکتے ہیں۔انہوں نے پولیس بورڈ کے بجٹ کے کردار کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پولیس کے بجٹ سے متعلق فیصلے بھی اسی فورم پر ہوتے ہیں۔

بونی کرومبی نے مجموعی طور پر اپنے خطاب میں مسی ساگا میں ٹیکسوں کو قابو میں رکھنے، شہریوں کے مالی معاملات میں شفافیت، امن و امان کی بہتری اور بڑے ترقیاتی منصوبوں میں اخراجات کی ترجیحات طے کرنے پر زور دیا۔

شہر کے سرکاری 2026 بجٹ کے مطابق فِسکل اسٹیبلیٹی ریزرو سے 33 ملین ڈالر کی ایک مرتبہ منتقلی شامل کی گئی تھی۔ شہر کے مطابق 2026 میں رہائشی پراپرٹی ٹیکس میں شہر اور پیل ریجن کے حصے سمیت مجموعی اضافہ 5.21 فیصد رہا، جبکہ شہر کے اپنے حصے میں اضافہ 1.61 فیصد تھا۔

مسی ساگا سٹی کونسل نے جون 2026 میں لیونگ آرٹس سینٹر اور ڈاؤن ٹاؤن کے اطراف کی زمین کی ازسرنو ترقی کے منصوبے پر عوامی مشاورت شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس میں نئے ثقافتی مقامات، ہوٹل، کنونشن کی جگہ، پارک اور مخلوط نوعیت کی تعمیر شامل ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے بونی کرومبی سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔