نئی دہلی (خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشت گردی کے معاملے پر ہونے والی کسی بھی گفتگو کی بنیاد شواہد ہونے چاہئیں، دونوں ممالک اپنے اپنے شواہد سامنے لائیں تاکہ مسئلے کا شفاف اور دیرپا حل تلاش کیا جاسکے۔
نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے کے فورم کے موقع پر بھارتی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پورے خطے کا مسئلہ ہے اور پاکستان بھی اس سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ پاکستان میں شدت پسندی اور دہشت گردی کے واقعات میں ہزاروں افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور حکومت اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کا ایک ہی راستہ ہے کہ دونوں ممالک تمام شواہد اور حقائق ایک دوسرے کے سامنے شفاف انداز میں پیش کریں۔ اس مقصد کے لیے ایسا فورم قائم ہونا چاہیے جہاں دونوں جانب سے ثبوت پیش کیے جاسکیں اور ہر معاملے کو انہی کی بنیاد پر دیکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متعدد مواقع پر یہ تجویز دے چکا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق شواہد دوطرفہ یا کثیرالجہتی فورم پر پیش کیے جاسکتے ہیں۔ بھارت اپنے شواہد سامنے لائے اور پاکستان بھی اپنے شواہد پیش کرے، تاکہ باہمی الزامات کے بجائے مسئلے کے مستقل حل کی جانب پیش رفت ہوسکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کا مفاد سب سے زیادہ ہے، کیونکہ پاکستانی عوام نے اس ناسور کے باعث بھاری جانی نقصان اٹھایا ہے۔ خطے کے تمام ممالک کو مل کر اس مسئلے سے نمٹنا ہوگا، محض اشتعال انگیزی سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
سندھ طاس معاہدے سے متعلق سوال پر مصدق ملک نے کہا کہ انہیں نئی دہلی میں اس موضوع پر گفتگو کے لیے مدعو نہیں کیا گیا۔ جب انہیں اس معاملے پر بات چیت کی دعوت دی جائے گی تو وہ ضرور بات کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ بھارت کے دورے پر شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے کے فورم میں شرکت کے لیے آئے ہیں اور اسی مقصد کے تحت گفتگو کررہے ہیں۔
مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم کے تین روزہ تہذیبی مکالمے کے فورم میں شرکت کیلئے نئی دہلی میں موجود ہیں۔

