جمیکا(نمائندہ خصوصی)پاکستان کے ابھرتے ہوئے 15 سالہ ٹینس اسٹار میکائل علی بیگ نے جمیکا میں ہونے والے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) جونیئر ایونٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین انٹرنیشنل ٹائٹلز جیت لیے ہیں۔
میکائل نے مسلسل دو آئی ٹی ایف سنگلز اور ایک ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کیا، جس سے وہ نوجوان کھلاڑیوں میں نمایاں ہو گئے ہیں۔جمیکا میں جاری جونیئر ٹینس مقابلوں میں میکائل نے رواں ہفتے کینیڈین کھلاڑی اینتوئن ٹارڈف کو 2-6 اور 6-7 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اس سے ایک ہفتہ قبل، انہوں نے امریکی کھلاڑی راس جونسن کو فائنل میں شکست دی اور ان ہی کے ساتھ پارٹنرشپ میں ڈبلز ٹائٹل بھی جیتا۔پاکستانی کھلاڑی کی یہ فتوحات نہ صرف ان کے ذاتی کیریئر میں اہم سنگ میل ہیں بلکہ ملک کے لیے بھی فخر کا باعث ہیں۔ ٹینس فیڈریشن آف پاکستان نے ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے تابناک مستقبل کی امید ظاہر کی ہے۔
میکائل علی بیگ کی مسلسل کامیابیاں اس بات کی گواہی ہیں کہ پاکستان میں ٹینس جیسے کھیل میں بھی عالمی سطح کے کھلاڑی ابھر کر آ رہے ہیں۔ ان کی کارکردگی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال ہے۔

