کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران طبقہ خود ملا ہوا ہے لیکن عوام کو تقسیم کرنا چاہتا ہے، سب کو مل کر اس طبقے سے جان چھڑانا ہوگی۔
کوئٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں ہائبرڈ نظام ہو یا نام نہاد جمہوریت، ہر جگہ ایک ہی طرح کے لوگ قابض ہیں، آمریت ہو یا نام نہاد جمہوریت، آٹا، چینی اور ریفائنریز کے مافیاز میں بھی یہی لوگ شامل ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر نظام ناکام ہوچکا ہے تو بتایا جائے کہ یہ نظام کن لوگوں کے ہاتھوں میں ہے؟
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام حکمرانوں کی پالیسیوں سے مایوس ہیں، گیس، بجلی اور بنیادی سہولتیں نہ ملنے سے عوام میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، پنجاب کے عوام بھی بلوچ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ بلوچستان کے اصل خزانے وہاں کے عوام ہیں، انہیں محروم نہیں رکھا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان مایوس نہ ہوں، جماعت اسلامی ان کے ساتھ ہے۔ 80 سال سے قابض طبقے سے نجات کیلئے سب کو جدوجہد کرنا ہوگی۔ 29 نومبر کو مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا، جس میں پنجاب کے عوام بلوچستان سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

