خیبر (وقائع نگار خصوصی) خیبر پختونخوا کے علاقے لنڈی کوتل میں ایک ہی خاندان کے 7 بچے اچانک بے ہوش ہوگئے، جن میں سے 5 بچے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران راستے میں دم توڑ گئے، جبکہ 2 بچوں کو پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تحصیل بازار ذخہ خیل کے علاقے قاضیانو کلے میں پیش آیا، جہاں ایک ہی خاندان کے سات بچے اچانک بے ہوش ہوگئے۔ بچوں کو علاج کے لیے پشاور منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں پانچ بچوں کی موت ہوگئی۔
جاں بحق ہونے والے بچوں میں 3 بچیاں اور 2 لڑکے شامل ہیں، جن کی عمریں 5 سال سے کم بتائی گئی ہیں۔ متاثرہ بچوں کا تعلق شاہ جی نامی شخص کے خاندان سے ہے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی کے مطابق انتظامیہ کی خصوصی ٹیم نے متاثرہ بچوں کو فوری طور پر پشاور منتقل کیا، جہاں زیرِ علاج دونوں بچوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ ابتدائی طبی ٹیسٹوں میں کیلشیم، میگنیشیم اور خون جمنے کے ٹیسٹ کے نتائج معمول کے مطابق آئے ہیں۔
ڈاکٹروں نے مزید تشخیص کے لیے خون کے نمونے کی کلچر جانچ اور دماغ کا سی ٹی اسکین تجویز کیا ہے۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے طبی ماہرین بچوں کی بیماری کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ گاؤں میں طبی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ علاقے کا معائنہ کرکے مزید ممکنہ متاثرہ بچوں کا پتا لگایا جاسکے۔ حکام کے مطابق پانچوں بچوں کی اموات کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

