دوحہ (پی سی بی) رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے گروپ بی کے اہم مقابلے میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.2 اوورز میں 313 رنز بنائے، جواب میں بھارتی ٹیم 49.1 اوورز میں 265 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی کامیابی میں حسن نواز نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 82 گیندوں پر 79 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، بعدازاں بولنگ میں 45 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
معاذ صداقت نے 63 گیندوں پر 59 رنز بنائے، جبکہ فرحان یوسف نے 48 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ شمائل حسین نے 23 گیندوں پر 33 اور کپتان عبدالصمد نے 35 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔ محمد عمران نے 14 گیندوں پر 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کی جانب سے تلک ورما نے 100 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جبکہ ابھیشیک شرما نے 70 اور شہباز احمد نے 56 رنز بنائے۔ تاہم بھارتی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکی اور پوری ٹیم 265 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے حسن نواز اور علی رضا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احمد دانیال نے 9.1 اوورز میں 40 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ حسن نواز کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان شاہینز نے اس سے قبل متحدہ عرب امارات کو 61 رنز سے شکست دی تھی۔ اب قومی ٹیم 24 نومبر کو اپنے آخری گروپ میچ میں نیپال کے مدمقابل ہوگی۔

