روز ٹی وی پر آنے کیلئے مجھ پر تنقید کرنیوالے وزیر کو جواب دیا تو منہ چھپانا مشکل ہوگا: محسن نقوی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایک وزیر آج کل روزانہ ٹی وی پر آنے کیلئےان کے اوپر تبصرے کر رہا ہے، جس دن انہوں نے اس وزیر کیخلاف تبصرہ کردیا تو وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔

نجی ٹی وی سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ڈھائی سال سے اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جن کاروباری شخصیات پر تنقید کی جا رہی ہے وہ پاکستان کے معزز شہری ہیں۔ ان میں وفاق اور مختلف شہروں کے ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدور اور عہدیدار شامل رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ کاروباری شخصیات پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔محسن نقوی نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ کاروباری افراد اتنے ہی برے ہیں تو ہر انتخاب میں ان سے جماعتی فنڈ کے نام پر اربوں روپے کیوں لئےجاتے ہیں؟انہوں نے تنقید کرنے والے وزیر کا نام ظاہر نہیں کیا۔