سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی قتل کیس، 3 نامزد ملزمان ملاکنڈ سے گرفتار، تین گاڑیاں اور اسلحہ برآمد

حافظ آباد (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کے قتل کے مقدمے میں نامزد تین ملزمان کو ملاکنڈ سے گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں صوابی کے رہائشی زاہد علی اور محمد خان جبکہ جھنگ کا رہائشی ظہیر خان شامل ہے۔ ملزمان کے قبضے سے مقتول کی تینوں گاڑیاں اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ایک اور ملزم فرحان علی فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے حافظ آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کو 19 نومبر کو حافظ آباد میں ان کی رہائش گاہ پر قتل کردیا گیا تھا۔ ان کے قتل اور ڈکیتی کے مقدمے میں چار ملازمین کو نامزد کیا گیا تھا۔