صوبہ تعز میں ماویہ جنکشن کے قریب فضائی حملے میں 7 افراد ہلاک اور 40 زخمی

تعز، یمن (رائٹرز) یمن کے صوبہ تعز میں ماویہ جنکشن کے قریب فضائی حملے میں 7 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔حوثیوں کے زیرانتظام وزارت صحت کے مطابق حملے میں ماویہ جنکشن کے قریب مارکیٹ میں واقع دکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے، زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت نے کہا ہے کہ اس کی فورسز نے ماویہ جنکشن میں حوثیوں کے ایک فوجی کیمپ اور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا تھا۔

رائٹرز کے مطابق یمنی حکومت کے 3 فوجی ذرائع نے بتایا کہ حوثی جنگجوؤں نے حال ہی میں مارکیٹ کے قریب ایک نیا فوجی کیمپ قائم کیا تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ حکومت کی جانب سے بتایا گیا فوجی کیمپ اور حملے کا مقام ایک ہی جگہ تھے یا نہیں۔

حوثیوں کے زیرانتظام وزارت صحت نے حملے میں شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم حملے کے ذمہ دار فریق کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب یمن میں حوثیوں اور حکومت نواز فورسز کے درمیان لڑائی میں حالیہ دنوں میں شدت آئی ہے۔