“عالم لا” کا پاکستان میں قانونی تعلیم کے فروغ کیلئےسرسید یونیورسٹی کراچی کو 50 ہزار ڈالر کا عطیہ

مسی ساگا (نمائندہ خصوصی) کینیڈا کی معروف قانونی فرم عالم لا کی جانب سے پاکستان میں قانونی تعلیم کے فروغ اور مستحق طلبہ کی معاونت کیلئے سرسید یونیورسٹی کراچی کو 50 ہزار ڈالر کا عطیہ پیش کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں خصوصی تقریب آج عالم لا کے مرکزی دفتر میں منعقد کی جائیگی۔

ذرائع کے مطابق یہ عطیہ ہیلپ می پراجیکٹس کینیڈا کے ذریعے سرسید یونیورسٹی کراچی کیلئے پیش کیا جائیگا، جس کا مقصد یونیورسٹی میں نئے شعبۂ قانون کی عمارت کی تعمیر اور ایسے ذہین و مستحق طلبہ کیلئےوظائف کی فراہمی میں معاونت کرنا ہے جو مالی وسائل کی کمی کے باعث اپنی تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔

تقریب میں ہیلپ می پراجیکٹس کینیڈا کے نمائندوں کے علاوہ سرسید یونیورسٹی کراچی کا نمائندہ بھی شرکت کریگا۔

تقریب کے میزبان عالم لا کے بانی اور سینئر بیرسٹر محمد ایم عالم، منیجنگ بیرسٹر ایم آفتاب عالم اور بیرسٹر و سالیسیٹر جاوید عالم ہونگےجبکہ طلحہ مسعودتقریب میں نظامت کے فرائض انجام دینگے.اس موقع پر پاکستان میں قانونی تعلیم کے فروغ، شعبۂ قانون کیلئے تعلیمی سہولتوں کی فراہمی اور مستحق طلبہ کی معاونت کے حوالے سے اس اقدام کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔