غزہ: طوفان بائرن کے سبب بچوں سمیت 14 فلسطینی جاں بحق

غزہ ( غیر ملکی خبر ایجنسی)غزہ میں طوفان بائرن نے شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور کمزور عمارتوں کے منہدم ہونے کے سبب کئی بچوں سمیت کم از کم 14 فلسطینیوں کی جان لے لی۔شمالی غزہ کے علاقے بیر النعجہ میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والا ایک مکان طوفان کے دوران منہدم ہوا، جس میں 5 افراد ہلاک ہوئے۔

غزہ شہر کے رمال علاقے میں ایک دیوار گرنے سے خیموں میں سوئے دو افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ شاطی پناہ گزین کیمپ میں ایک اور عمارت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ المواصی میں شدید سردی کے سبب ایک نومولود دم توڑ گیا۔

غزہ شہر کے مغرب میں قائم ایک پناہ گاہ میں نو سالہ بچی سردی کے باعث چل بسی، شاطی کیمپ میں ایک کمسن بچہ شدید سردی کی نذر ہوا، اور خان یونس میں آٹھ ماہ کی بچی بارش کے پانی سے متاثر ہو کر جاں بحق ہوئی۔ متاثرہ خاندان بمباری سے تباہ شدہ مکان میں رہائش پذیر تھے۔

طوفان کے باعث ہزاروں خیمے تباہ ہو چکے ہیں اور ساحلی علاقوں میں زمین دھنسنے کے خطرے سے خیمے مزید خطرے میں ہیں۔ حکام کے مطابق تقریباً ساڑھے آٹھ لاکھ افراد متاثر ہو سکتے ہیں جو سیکڑوں پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ طوفان نے جنگ کے بعد جاری انسانی بحران کو مزید سنگین کر دیا ہے، اور شہری بنیادی پناہ اور امدادی سامان سے محروم ہیں۔