پیرس (رائٹرز، اے ایف پی) فرانس کی حکومت نے مہنگائی اور اخراجاتِ زندگی میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کے بعد کم از کم ماہانہ اجرت میں 1.6 فیصد اضافے کا اعلان کردیا، جس کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔
فرانسیسی وزیرِاعظم سیباسٹین لیکورنو نے پیر کو مزدور تنظیموں اور آجر اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد اعلان کیا کہ کم از کم اجرت بڑھا کر تقریباً 1502 یورو ماہانہ کردی جائے گی، جو موجودہ رقم سے تقریباً 24 یورو زیادہ ہے۔ یہ اضافہ جنوری 2027ء کے بجائے دسمبر سے نافذ ہوگا۔
حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے دباؤ میں گھرے ملازمین کی قوتِ خرید بہتر بنانا ہے۔ وزیرِاعظم نے اسے محض علامتی اقدام قرار دینے کے بجائے گزشتہ 20 برس کے دوران کم از کم اجرت میں ہونے والے نمایاں اضافوں میں سے ایک قرار دیا۔
فرانس میں ستمبر سے شروع ہونے والے احتجاج کا دائرہ بتدریج وسیع ہوا اور مظاہرین نے اجرتوں میں اضافے، تعلیم اور عوامی خدمات کے لیے زیادہ وسائل مختص کرنے اور روزمرہ اخراجات میں کمی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے دوران مختلف شہروں میں مظاہروں اور ہڑتالوں کے باعث حکومت پر معاشی مشکلات کے ازالے کے لیے اقدامات کا دباؤ بڑھا۔
تاہم مزدور تنظیموں نے حکومت کے اعلان کردہ اضافے کو ناکافی قرار دیا ہے۔ فرانس کی بڑی مزدور تنظیم سی ایف ڈی ٹی نے کم از کم اجرت میں 100 یورو ماہانہ اضافے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ سی جی ٹی تنظیم نے 10 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا، جو تقریباً 150 یورو بنتا ہے۔ سی جی ٹی کی سربراہ سوفی بینے نے کہا کہ چند یورو کے اضافے سے عوام کی ناراضی ختم نہیں ہوگی۔
حکومت نے کم از کم اجرت میں اضافے کے علاوہ ملازمین کی قوتِ خرید بہتر بنانے کے لیے دیگر اقدامات بھی پیش کیے ہیں، جن میں ایندھن الاؤنس کی حد 2027ء میں بھی ایک ہزار یورو برقرار رکھنے، اضافی کام کے معاوضے پر ٹیکس چھوٹ کی حد 7500 سے بڑھا کر 10 ہزار یورو کرنے اور منافع میں ملازمین کی شراکت کے بونس کی سہولت کو بڑی کمپنیوں تک توسیع دینے کی تجاویز شامل ہیں۔
فرانسیسی حکومت نے اجرتوں میں اضافے کے لیے مزدور تنظیموں اور آجر اداروں کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے اور اس مقصد کے لیے اجرتوں کی نگرانی کی کمیٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

