نودیپ سنگھ بینس کا قیادت سنبھالنے کے بعد پارٹی میں اتحاد پر زور، لی فیئرکلاف کی سیاسی جدوجہد کو بھی سراہا

ٹورنٹو (اشرف خان لودھی سے) اونٹاریو لبرل پارٹی کے نومنتخب سربراہ نودیپ سنگھ بینس نے قیادت کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں پارٹی میں اتحاد برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی نتائج کچھ بھی ہوں، لبرلز ایک متحد جماعت ہیں اور انہیں مل کر آگے بڑھنا ہے۔

نودیپ سنگھ بینس نے قیادت کے انتخاب میں 6666.32 پوائنٹس حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ ان کی حریف لی فیئرکلاف نے 6588.68 پوائنٹس حاصل کیے۔ لی فیئرکلاف کے ووٹوں کا تناسب 49.7 فیصد رہا۔ دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلہ انتہائی قریبی رہا اور نودیپ بینز معمولی فرق سے کامیاب ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نودیپ سنگھ بینس نے کہا کہ اس منصب پر فائز ہونا ان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نےاہلیہ برمجوت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ان کی زندگی کی سب سے اہم شخصیت ہیں۔ انہوں نے اپنی بڑی بیٹی نانکی اور چھوٹی بیٹی کرپا کور کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور بتایا کہ قیادت کی دوڑ میں حصہ لینے کا فیصلہ کرنے سے پہلے انہوں نے اپنی بڑی بیٹی سے اجازت لی تھی۔

نودیپ سنگھ بینس نے پارٹی کے عبوری سربراہ جان فریزر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جماعت کو متحد رکھنے اور ڈگ فورڈ حکومت کا احتساب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے جان فریزر کی دوستی، قیادت اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی پارٹی کے سفر میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے صوبائی اسمبلی میں لبرل ارکان کی ٹیم کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ ایک ایسی ٹیم ہے جو اپنی تعداد سے بڑھ کر کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے رکنِ صوبائی اسمبلی آندریا ہیزل کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے ان کی توانائی، دوستی، رہنمائی اور ابتدا ہی سے اپنی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

نودیپ سنگھ بینس نے انتخابی مہم میں حصہ لینے والے رضاکاروں اور پارٹی ارکان کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی مدد کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔ انہوں نے انتخابی مہم کے منتظم جیمی کپن، وینا بلر اور ایلڈر مارکیز کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ابتدا سے ان کا ساتھ دیا اور رہنمائی فراہم کی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے پارٹی اتحاد کے پیغام کو نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کے انتخاب کا نتیجہ آنے کے بعد لی فیئرکلاف نے ان سے کہا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔نودیپ سنگھ نے لی فیئرکلاف کی انتخابی مہم، محنت اور سیاسی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سخت محنت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے انہیں ایک متاثر کن شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹیاں بھی ان کے بارے میں بات کرتی رہتی ہیں۔

نودیپ سنگھ بینس نے کہا کہ پارٹی کو اپنے اختلافات سے بالاتر ہوکر متحد رہنا ہوگا اور تمام ارکان کو اونٹاریو کے مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔واضح رہے کہ نودیپ بینز نے اونٹاریو لبرل پارٹی کی قیادت کے انتخاب میں لی فیئرکلاف سمیت دیگر امیدواروں کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔