ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز: قومی ٹیم کا دوسرا دستہ بھی میامی، امریکا پہنچ گیا

میامی، امریکا (نمائندہ خصوصی)ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دوسرے گروپ نے بھی امریکا کے شہر میامی لاڈرہل میں ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ سیریز کا آغاز 31 جولائی سے ہوگا جس کے تمام میچز لاڈرہل میں شیڈول ہیں، جبکہ ون ڈے سیریز ویسٹ انڈیز کے ہوم گراؤنڈز پر کھیلی جائے گی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز 31 جولائی سے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کے لیے قومی اسکواڈ دو گروپس کی صورت میں امریکا پہنچا ہے، جن میں سے دوسرا گروپ اب میامی پہنچ چکا ہے۔

دوسرے گروپ میں فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث، حسین طلعت، حسن نواز، اوپنر صاحبزادہ فرحان، کوچز اور دیگر سپورٹ اسٹاف شامل ہیں۔ اس سے قبل بیشتر کھلاڑی پہلے مرحلے میں ڈھاکا سے براستہ دبئی میامی پہنچے تھے۔

ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 31 جولائی، دوسرا 2 اگست جبکہ تیسرا اور آخری میچ 3 اگست کو لاڈرہل میں کھیلا جائے گا۔پاکستان ٹیم ون ڈے سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کے ہوم گراؤنڈز کا رخ کرے گی، جہاں تین میچز بالترتیب 8، 10 اور 12 اگست کو شیڈول ہیں۔

ٹی 20 اسکواڈ:
پاکستان کے 15 رکنی ٹی 20 اسکواڈ میں حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، فخر زمان، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد نواز، حسن نواز، صائم ایوب، ابرار احمد، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث، سفیان مقیم شامل ہیں۔

ون ڈے اسکواڈ:
پاکستان کے 16 رکنی ون ڈے اسکواڈ کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں، نائب کپتان سلمان علی آغا ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، صائم ایوب، حسین طلعت، محمد نواز، حسن نواز، ابرار احمد، محمد حارث، سفیان مقیم شامل ہیں.

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کھلاڑی سیریز سے قبل مختصر تربیتی سیشنز اور نیٹ پریکٹس میں حصہ لے رہے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ سیریز ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کا اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں