تہران (رائٹرز) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے چابہار سے خلیجِ عمان اور بحیرۂ عرب کے بعض حصوں تک ایک محدود بحری علاقہ قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے بدھ کو کہا کہ محدود بحری علاقے کی درست حدود اور جغرافیائی نقاط بعد میں جاری کیے جائیں گے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے کہا کہ ایران سے رابطے کے بغیر محدود علاقے سے گزرنے والے بحری جہازوں کو پابندیوں کا سامنا کرنا ہوگا۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے اور آبنائے ہرمز کے اطراف سمندری آمدورفت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
اس سے قبل اتوار کو ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا تھا کہ ایران آئندہ چند روز میں آبنائے ہرمز سے باہر ایک محدود بحری زون قائم کرے گا۔چابہار ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں خلیجِ عمان کے ساحل پر واقع اہم بندرگاہ ہے، جو ایران کو براہِ راست بحرِ ہند تک رسائی فراہم کرتی ہے۔تازہ پیش رفت سے خطے میں پہلے سے موجود بحری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب آبنائے ہرمز اور خلیجِ عمان میں تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت پہلے ہی شدید متاثر ہے۔

