جدہ (سعودی گزٹ، عرب نیوز) جدہ میں جاری چھٹی عالمی حج کانفرنس اور نمائش کے دوسرے روز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2027ء کے انتظامات سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے دستخط کیے۔
اس موقع پر سعودی وزیر حج و عمرہ نے سردار محمد یوسف کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی خصوصی تصاویر اور یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ معاہدے کا مقصد پاکستانی عازمینِ حج کے سفر کو آسان بنانا اور انہیں بہتر سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
پاکستان کو حج 2027ء کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جس میں ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین سرکاری جبکہ 71 ہزار 684 نجی حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کریں گے۔ پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کر رہے ہیں، جبکہ کانفرنس میں پاکستان کی نجی حج کمپنیوں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب نے 1448 ہجری کے آئندہ حج سیزن کیلئے عازمین کی رہائش کے سلسلے میں 13 لاکھ سے زائد بستروں کا انتظام کرلیا ہے۔ سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تقریباً 4 ہزار رہائشی عمارتیں دستیاب ہوں گی، جن میں مجموعی طور پر 4 لاکھ کمرے موجود ہیں، جبکہ عارضی رہائشی سہولتوں کے ذریعے بھی تقریباً 5 لاکھ 60 ہزار بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔
احمد الخطیب کے مطابق آئندہ حج سیزن کے لیے عازمین کی رہائش کے لیے مختص تمام عمارتوں کو لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے صرف 10 فیصد ممالک میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جتنی بڑی تعداد میں رہائشی کمرے دستیاب ہیں۔
سعودی وزیر سیاحت نے بتایا کہ گزشتہ سال سے عازمینِ حج کی رہائش کی نگرانی کی ذمہ داری وزارت سیاحت کو سونپی گئی ہے، جس کا مقصد رہائشی گنجائش کے ساتھ خدمات کا معیار بھی یقینی بنانا ہے۔ وزارت حج و عمرہ کے تعاون اور وزیر داخلہ کی سربراہی میں قائم سپریم حج کمیٹی کی نگرانی میں تقریباً 400 عمارتوں کو ضروری شرائط پوری نہ کرنے پر رہائشی سہولتوں کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمارتوں کی جانچ پڑتال کے دوران ان کی ساختی مضبوطی، ہنگامی اخراج کے راستوں، مجموعی حفاظت، تیاری اور عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا معیار دیکھا جاتا ہے، جبکہ محکمہ شہری دفاع بھی اس عمل میں متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کرتا ہے۔
احمد الخطیب کے مطابق عازمینِ حج کی مجموعی اطمینان کی شرح 93 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رہائش کا معیار عازمین کے مجموعی تجربے پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے اور معیاری رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ چھٹی عالمی حج کانفرنس اور نمائش 8 سے 11 نومبر تک جدہ میں منعقد ہورہی ہے، جس میں 520 سے زائد ملکی اور بین الاقوامی ادارے شریک ہیں۔ کانفرنس میں 1448 ہجری کے حج سیزن کی تیاریوں، عازمین کو سہولتوں کی فراہمی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور حج خدمات کے معیار کو بہتر بنانے پر تبادلۂ خیال کیا جارہا ہے۔

