کراچی (خبر ایجنسیاں) کراچی میں مختلف سیاسی اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور جلسے منعقد کیے گئے، جن کے باعث شہر کی متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور بعض سڑکیں عارضی طور پر بند کرنا پڑیں۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنے قائد مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کی حرمت کی پامالی، ان کے خلاف کردار کشی کی مہم اور سندھ کی تقسیم کی مبینہ سازش کے خلاف گرو مندر پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جماعت نے کراچی کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالیں، جبکہ سندھ بھر میں بھی احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔
دوسری جانب جیئے سندھ رہبر کمیٹی کے زیر اہتمام سندھ کی وحدت کے حق میں اور نئے صوبوں کے قیام کی تجویز کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شامل قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں نے سندھ کی تقسیم اور اس معاملے پر ریفرنڈم کی تجویز مسترد کرتے ہوئے اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔ ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب کے قریب اختتام پذیر ہوئی۔
عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے ضلع وسطی میں شاہراہ نور جہاں پر جلسہ منعقد کیا گیا، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کورنگی میں جنرل ورکرز اجلاس منعقد کیا، جس سے مصطفیٰ کمال اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
احتجاجی سرگرمیوں کے پیش نظر پولیس نے ریڈ زون، کراچی پریس کلب، گرو مندر، نمائش چورنگی، صدر، ایمپریس مارکیٹ اور شارع فیصل سمیت اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی۔ ٹریفک پولیس نے مختلف شاہراہوں کی بندش کے باعث شہریوں کے لیے متبادل راستوں کا اعلان بھی کیا۔
مظاہرے کے اختتام کے بعد گرو مندر سے جمشید روڈ اور عسکری فور سے ڈرگ روڈ جانے والے راستے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے، تاہم دین محمد وفائی روڈ اور شارع فیصل کے بعض حصوں پر ٹریفک کی بندش برقرار رہی۔ ہوائی اڈے سے آنے والی گاڑیوں کو بھی متبادل راستوں پر منتقل کیا گیا۔
دریں اثنا سندھ ترقی پسند پارٹی نے 29 نومبر کو کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اسی تاریخ کو اپنی مجوزہ ریلی مؤخر کردی ہے۔

