اوٹاوا (کینیڈین پریس) کینیڈا کی دفاعی کمپنی ڈومینین ڈائنامکس نے یوکرین کی روبوٹکس کمپنی ٹینکور کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جس کے تحت آئندہ سال سے کینیڈا میں زمینی جنگی ڈرون تیار کیے جانے کا امکان ہے۔
دونوں کمپنیوں نے منگل کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں دفاعی کانفرنس کے موقع پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت ٹینکور کے تیار کردہ ’ٹرمٹ‘ ڈرون کینیڈا میں بنائے جائیں گے، جبکہ ان گاڑیوں میں ڈومینین ڈائنامکس کا سافٹ ویئر بھی نصب کیا جائے گا۔
ٹرمٹ ایک زنجیروں پر چلنے والی بغیر پائلٹ زمینی گاڑی ہے، جس کی ساخت چھوٹے ٹینک جیسی ہے۔ اسے یوکرین کے محاذوں پر ایسے خطرناک کاموں کیلئےاستعمال کیا جا چکا ہے جن میں انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے، مثلاً فوجی رسد پہنچانا اور بارودی سرنگیں بچھانا۔
کینیڈین حکومت مقامی دفاعی کمپنیوں اور جنگی تجربہ رکھنے والی یوکرین کی دفاعی صنعت کے درمیان مشترکہ طور پر ڈرون تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
گزشتہ ماہ کیلگری میں کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی اور یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی کی ملاقات کے دوران دفاعی سازوسامان کی مشترکہ تیاری سے متعلق مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے گئے تھے۔
ڈومینین ڈائنامکس اپنا خودکار مشترکہ فضائی نظام بھی تیار کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایسے ڈرون بنائے جا رہے ہیں جنہیں انسان کنٹرول کرینگے اور جو ایف 35 یا گریپن جیسے لڑاکا طیاروں کے ساتھ پرواز کرسکیں گے۔

