آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، آگ بھڑک اٹھی

تہران (ایرانی پاسدارانِ انقلاب)ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی اور دھماکا بھی ہوا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد تیل بردار جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔ حکام کی جانب سے واقعے میں ہونے والے مالی نقصان اور جہاز کو پہنچنے والے نقصان کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔اس سے قبل بھی ایک تیل بردار جہاز کے ممنوعہ سمندری راستہ اختیار کرنے کے دوران بارودی سرنگ سے ٹکرانے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والا ایک بہت بڑا تیل بردار جہاز 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل لے جارہا تھا۔ تاہم دستیاب اطلاعات میں اس جہاز کی شناخت اور یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا یہی جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرایا تھا یا یہ الگ واقعہ تھا۔