آیت اللّٰہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر نامزد کر دیا گیا

تہران (ایرانی سرکاری میڈیا، عرب میڈیا) ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو نئے سپریم لیڈر کے طور پر نامزد کر دیا گیا ہے، اور ایران کی مجلس خبرگان نے عوام سے قومی اتحاد برقرار رکھنے اور نئے سپریم لیڈر سے وفاداری کا عہد کرنے کی اپیل کی ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مجلس خبرگان نے عوام پر زور دیا ہے کہ موجودہ کشیدہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی ناگزیر ہے، اور سب کو نئے رہنما کی قیادت کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔اس سے قبل سینئر عالم دین آیت اللّٰہ احمد علم الہدیٰ نے کہا تھا کہ سپریم لیڈر کا باضابطہ اعلان مجلس خبرگان کے سیکرٹریٹ کی جانب سے کیا جائے گا۔

عرب میڈیا نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ مجلس خبرگان کے اکثریتی ارکان مجتبیٰ خامنہ ای کو سپریم لیڈر منتخب کرنے پر متفق ہو گئے ہیں، اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ سپریم لیڈر کے باضابطہ اعلان میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے تاخیر ہوئی تھی۔

برطانوی ٹی وی نے بھی رپورٹ کیا کہ ایران کی مجلس خبرگان نئے سپریم لیڈر پر اتفاق کر چکی ہے، جبکہ امریکا اور اسرائیل کے حملے میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد اسرائیلی میڈیا نے بھی ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو نئے سپریم لیڈر کے طور پر منتخب ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے فارسی زبان میں نئے ایرانی رہبر معظم کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خامنہ ای کے جانشین کو نشانہ بنانے کی تیاری میں ہیں۔