اسپین میں دو تیز رفتار ٹرینیں ٹکرا گئیں، 46 افراد ہلاک،متعدد زخمی ہیں

اسپین (رائٹرز، غیر ملکی میڈیا) اسپین کے صوبے تولیڈو میں دو تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 46 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ حادثہ میڈرڈ سے جنوبی علاقے اندلس جانے والی تیز رفتار ریلوے لائن پر قصبے اُردا کے قریب پیش آیا، جہاں دونوں ٹرینیں ایک ہی پٹری پر سفر کر رہی تھیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 8 بج کر 54 منٹ پر پیش آیا۔ حادثے میں اسپین کی سرکاری ریلوے کمپنی رینفے کی تیز رفتار ٹرین اے وی ای اور نجی کمپنی ایریو کی ٹرین شامل تھیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق رینفے کی ٹرین آگے موجود ایریو ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹری سے اتر کر قریب واقع ڈھلوان پر جا گریں۔

ہسپانوی حکام کے مطابق دونوں ٹرینوں میں مجموعی طور پر 544 مسافر سوار تھے، جن میں رینفے کی ٹرین میں 397 جبکہ ایریو کی ٹرین میں 147 مسافر شامل تھے۔ حادثے کے بعد جائے وقوع پر بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، طبی عملے، سول پروٹیکشن اور سول گارڈ کے اہلکاروں کو موقع پر روانہ کیا گیا، جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے طبی امدادی ٹیمیں اور ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے گئے۔ بعض بوگیاں بری طرح تباہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ہسپانوی ریلوے انفراسٹرکچر ادارے ایڈیف نے حادثے کے بعد میڈرڈ اور اندلس کے درمیان تیز رفتار ٹرینوں کی آمدورفت دونوں سمتوں میں معطل کر دی۔ متاثرہ مسافروں کو ٹکٹوں کی تاریخ تبدیل کرنے اور منسوخ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔

ہسپانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں ایک ٹرین کے پٹری پر رکے ہونے اور سگنلنگ نظام میں خرابی کے امکان کا ذکر کیا گیا ہے، تاہم حکام نے حادثے کی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔

اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسپین میں رواں سال یہ دوسرا بڑا ٹرین حادثہ ہے، اس سے قبل 18 جنوری کو صوبہ قرطبہ کے علاقے اداموز میں دو ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں 46 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔