جنوبی وزیرستان (آئی ایس پی آر) پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان چیک پوسٹیں تباہ کردیں۔ افغان فورسز کی گولہ باری سے ایک شہری شہید اور ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں افغان طالبان رجیم نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے دوران ایک گولہ رہائشی گھر پر گرا۔ واقعے میں ایک شہری شہید جبکہ ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغان جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے سرحد پار افغان فورسز کی متعدد چیک پوسٹوں کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی جاری ہے اور سرحد پر تعینات جوان کسی بھی مزید جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر چوکس ہیں۔
حکام کے مطابق شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کارروائی کے بعد پاک فوج کا ردعمل جاری ہے اور ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔

