عمان (خبر ایجنسیاں) یمن کے شہر عدن سے اردن کے دارالحکومت عمان پہنچنے والی یمنی ایئر ویز کی پرواز دورانِ سفر شدید طوفان اور ژالہ باری کی زد میں آگئی، جس سے طیارے کی اگلی حصے اور کاک پٹ کی حفاظتی شیشوں کو شدید نقصان پہنچا، تاہم پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت اتار لیا۔
رپورٹس کے مطابق ایئربس اے 320 طیارہ دورانِ پرواز شدید موسمی خرابی، تیز ہواؤں اور غیر معمولی ژالہ باری میں پھنس گیا۔ ژالہ باری کے باعث طیارے کی ناک اور کاک پٹ کی ونڈ اسکرین کو نقصان پہنچا اور شیشے ٹوٹ گئے۔
انتہائی مشکل صورت حال کے باوجود کپتان باصم فرید اور عملے نے حاضر دماغی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو قابو میں رکھا اور عمان ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کرائی۔
ایئرلائن کے ترجمان حاتم الشعابی نے تصدیق کی کہ طیارے میں سوار تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔واقعے کے بعد متاثرہ طیارے کو معائنے اور مرمت کے لیے عمان ایئرپورٹ پر گراؤنڈ کردیا گیا، جبکہ عمان سے عدن جانے والی پرواز کے لیے متبادل طیارے کا انتظام کیا گیا۔

