دبئی میں گاڑی کی نمبر پلیٹ 50 کروڑ روپے سے زائد میں نیلام کی گئی

دبئی (عرب میڈیا) دبئی میں روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی جانب سے منعقدہ خصوصی نیلامی میں نایاب گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کروڑوں درہم میں فروخت ہوئیں، جبکہ دو ہندسوں پر مشتمل نمبر پلیٹ ’’سی سی 44‘‘ سب سے مہنگی ثابت ہوئی۔

عرب میڈیا کے مطابق نیلامی کے دوران دو، تین، چار اور پانچ ہندسوں پر مشتمل متعدد خصوصی نمبر پلیٹس پیش کی گئیں، جن میں خریداروں نے غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق نمبر پلیٹ ’’سی سی 44‘‘ کی سب سے زیادہ بولی 67 لاکھ 20 ہزار درہم (تقریباً 50 کروڑ 68 لاکھ پاکستانی روپے) لگی، جبکہ دوسری نمبر پلیٹ 56 لاکھ درہم (تقریباً 49 کروڑ 77 لاکھ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوئی۔

نیلامی میں مجموعی طور پر 60 خصوصی نمبر پلیٹس 6 کروڑ 57 لاکھ درہم میں فروخت کی گئیں۔

آر ٹی اے کے مطابق ان نیلامیوں کا مقصد نایاب نمبر پلیٹس کے شوقین افراد کو اپنی پسند کے خصوصی نمبرز حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا اور شفاف و منظم طریقہ کار کے تحت بولی کا انعقاد کرنا ہے۔