لاہور (نمائندہ خصوصی)لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں بائیک رائیڈر کی مبینہ نازیبا حرکت سے بچنے کیلئے خاتون نے چلتی موٹر سائیکل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئیں جبکہ رائیڈر موقع سے فرار ہوگیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق واقعہ 17 اکتوبر کو پیش آیا، جب خاتون نے مبینہ ہراسانی سے بچنے کیلئے چلتی موٹر سائیکل سے چھلانگ لگائی۔ موٹر سائیکل سے گرنے کے باعث خاتون کے منہ، ناک، گلے اور سر پر چوٹیں آئیں۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون نے جوہر ٹاؤن کے ایف 2 علاقے سے وٹو پیلس جانے کیلئے سواری بک کروائی تھی۔ خاتون کے چھلانگ لگانے کے بعد موٹر سائیکل سوار فرار ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں موٹر سائیکل سوار کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

