واشنگٹن (گلوبل نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کینیڈا کے ساتھ جاری تجارتی تنازع جلد ختم ہوسکتا ہے، ان کا دعویٰ ہے کہ کینیڈا اس وقت امریکا کو ہر چیز دینے کے لیے تیار ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو امریکی ریاست مشی گن کے شہر پورٹ ہورون میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کئی برس سے امریکا کے ساتھ تجارت میں ناانصافی کرتا رہا ہے، جس کے باعث امریکا کو کینیڈین مصنوعات پر محصولات عائد کرنا پڑے۔
امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تنازع بہت جلد حل کرلیا جائے گا۔ ان کے بقول کینیڈا اس وقت امریکا کو ہر چیز دینے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کے دفتر نے اس بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
کینیڈا اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات اگست میں اس وقت تعطل کا شکار ہوگئے تھے جب امریکی حکام کی جانب سے آخری لمحات میں ایسی شرائط پیش کی گئیں جنہیں کینیڈین حکومت نے ناقابلِ قبول قرار دیا۔ اس کے بعد واشنگٹن نے کینیڈا کی اربوں ڈالر مالیت کی مصنوعات پر محصولات عائد کردیے، جس کے جواب میں کینیڈا نے بھی امریکی مصنوعات پر جوابی محصولات لگائے۔
ٹرمپ نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ وہ رواں ماہ کے اختتام پر کینیڈا کی بعض مصنوعات پر عائد 50 فیصد محصولات ختم کردیں گے، تاہم ساتھ ہی کینیڈا کی درجنوں نئی مصنوعات پر محصولات عائد کرنے کا اعلان بھی کیا، جن میں کچرا اور گندا پانی بھی شامل ہیں۔
یہ فیصلہ امریکی ریپبلکن سینیٹر سوزن کولنز کی درخواست پر کیا گیا، جن کی ریاست مین کینیڈا کے ساتھ سرحد رکھتی ہے اور تجارتی تنازع سے متاثر ہوئی ہے۔کینیڈا کے ساتھ تجارتی جنگ امریکا میں نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے دوران بھی اہم سیاسی مسئلہ بن گئی ہے، خصوصاً ان حلقوں میں جہاں انتخابی مقابلہ سخت ہے۔

