اسرائیلی انتخابات: ایگزٹ پولز میں گادی آئزن کوٹ کو نیتن یاہو کے حکومتی اتحاد پر معمولی برتری

تل ابیب (بی بی سی) اسرائیل کے عام انتخابات کے ابتدائی غیر حتمی نتائج میں سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کے سیاسی اتحاد کو وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے حکومتی اتحاد پر معمولی برتری حاصل ہے، تاہم ایگزٹ پولز کے مطابق کوئی بھی اتحاد حکومت بنانے کے لیے واضح اکثریت حاصل نہیں کرسکا۔

بی بی سی کے مطابق اسرائیلی ٹی وی چینلز کے جاری کردہ ایگزٹ پولز میں گادی آئزن کوٹ کے مخالف سیاسی اتحاد کو نیتن یاہو کے دائیں بازو اور مذہبی جماعتوں پر مشتمل اتحاد سے آگے دکھایا گیا ہے، لیکن دونوں اتحاد پارلیمان میں حکومت بنانے کیلئے درکار 61 نشستوں کے ہدف سے پیچھے ہیں۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق نیتن یاہو کے اتحاد کو تقریباً 50 نشستیں ملنے کا امکان ہے، جبکہ اپوزیشن اتحاد کو 52 سے 53 نشستیں مل سکتی ہیں۔ عرب جماعتوں کو 17 سے 18 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث حکومت سازی میں ان کا کردار اہم ہوسکتا ہے۔

اسرائیل کی 120 رکنی پارلیمان میں حکومت بنانے کیلئے کم از کم 61 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔ ایسے میں کسی بھی اتحاد کو حکومت تشکیل دینے کیلئےدیگر جماعتوں کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔انتخابات میں ریکارڈ ووٹنگ بھی دیکھنے میں آئی۔ انتخابی حکام کے مطابق ووٹنگ کی شرح 74 فیصد سے تجاوز کرگئی، جو کئی دہائیوں کے دوران بلند ترین شرح قرار دی جارہی ہے۔

یہ انتخابات نیتن یاہو کے طویل سیاسی اقتدار کیلئے اہم امتحان تصور کیے جارہے ہیں۔ دوسری جانب گادی آئزن کوٹ نے انتخابی مہم میں سکیورٹی ناکامیوں کی تحقیقات اور ملک میں سیاسی تقسیم ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایگزٹ پولز حتمی نتائج نہیں ہوتے اور ووٹوں کی گنتی کے بعد نشستوں کی تقسیم میں تبدیلی آسکتی ہے۔ حتمی نتائج سامنے آنے کے بعد بھی حکومت سازی کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔