اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن اوٹاوا اور ٹورنٹو، مونٹریال اور وینکوور میں پاکستانی قونصل خانوں کے زیرِ اہتمام 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
اوٹاوا میں ہائی کمیشن کے زیرِ اہتمام مرکزی تقریب میں دستاویزی فلم دکھائی گئی، تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا اور انسانی حقوق کے حامیوں نے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں عام شہریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کیا۔
تقریب میں صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے یومِ سیاہ کشمیر کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے، جن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت ملنے تک پاکستان کی مسلسل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود دیرینہ اور حل طلب تنازعات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کریں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

یومِ سیاہ کشمیر 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف جموں و کشمیر پر قبضے کے خلاف احتجاج کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن کی تقریبات کے ذریعے پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

