فیصل آباد میں سفاکی، شادی سے انکار پر 2 سالہ بچہ قتل، بھائی نے بھاگ کر جان بچائی

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد کے علاقے ساہیانوالہ میں خاتون سے شادی نہ ہونے کی رنجش پر ملزم نے اس کے 2 سالہ بیٹے کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا جبکہ اس کے 5 سالہ بھائی نے بھاگ کر جان بچائی۔

پولیس کے مطابق ملزم گزشتہ روز محلے سے دونوں کمسن بھائیوں کو چیز دلانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا تھا۔ بعدازاں انہیں نہر پر لے جا کر 2 سالہ زوہان پر چھریوں سے حملہ کردیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بچے کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال چک جھمرہ منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ 5 سالہ روہان موقع سے بھاگ کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم مقتول بچے کی والدہ سے شادی کرنا چاہتا تھا، تاہم خاتون کی دوسری جگہ شادی ہونے پر وہ رنجش رکھتا تھا۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں۔