امریکی ایف بی آئی کو مطلوب ترین میکسیکو میں منشیات کا بدنام زمانہ سرغنہ ’’ایل چاپو ایسیڈرو‘‘ گرفتار

میکسیکو سٹی (رائٹرز، خبر ایجنسیاں) میکسیکو کی سکیورٹی فورسز نے منشیات کے بڑے گروہ کے مبینہ سربراہ فاؤستو ایسیڈرو میزا فلورس المعروف ’’ایل چاپو ایسیڈرو‘‘ کو ایک ڈرامائی فوجی کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔ وہ امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کی انتہائی مطلوب 10 افراد کی فہرست میں شامل تھا۔

میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق کارروائی جمعے کی شب ریاست سینالووا کے شہر گواساؤ میں کی گئی۔ اس آپریشن میں نیشنل گارڈ اور فوج کے خصوصی دستوں نے حصہ لیا جبکہ امریکی انٹیلی جنس اداروں کی فراہم کردہ معلومات سے بھی مدد لی گئی۔

حکام کے مطابق جدید نگرانی کے آلات کے ذریعے مطلوب ملزم کے ٹھکانے کا پتا لگایا گیا اور فرار کے راستے بند کرکے عمارت کا محاصرہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران فوجی اہلکاروں پر فائرنگ اور دھماکا خیز مواد سے حملہ کیا گیا، جس کے بعد خصوصی دستوں نے عمارت میں داخل ہوکر ملزم کو گرفتار کرلیا۔

آپریشن کے دوران ایل چاپو ایسیڈرو کے دو اہم ساتھی بھی گرفتار کیے گئے، جن میں تنظیم کا نائب سربراہ جرمان المعروف سیرافین اور مالیاتی امور کا ذمہ دار شخص شامل ہے۔ تینوں گرفتار افراد کو میکسیکو سٹی منتقل کرکے وفاقی استغاثہ کے حوالے کردیا گیا۔

گرفتاری کے بعد ریاست سینالووا کے مختلف علاقوں میں جھڑپیں شروع ہوگئیں، سڑکوں پر گاڑیاں نذرِ آتش کی گئیں اور متعدد شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔شہر گواساؤ میں جاری بیس بال کا ایک میچ بھی فائرنگ کے باعث روکنا پڑا اور تماشائی جان بچانے کیلئے محفوظ مقامات کی طرف بھاگے۔

امریکی حکام نے ایل چاپو ایسیڈرو کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات پر 50 لاکھ ڈالر انعام مقرر کر رکھا تھا۔ اس پر ہیروئن، میتھ ایمفیٹامین، کوکین، فینٹانائل اور چرس کی امریکا اسمگلنگ سمیت متعدد الزامات عائد تھے۔

میکسیکو کے حکام کے مطابق وہ میزا فلورس نامی بین الاقوامی جرائم پیشہ تنظیم کا مبینہ سربراہ تھا، جسے لاس مازاتلیکوس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس تنظیم کا مرکز ریاست سینالووا میں تھا اور اس کا منشیات کی اسمگلنگ کے بڑے نیٹ ورک سے تعلق بتایا جاتا ہے۔میکسیکو کے سکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ ریاست سینالووا میں شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کیلئے سکیورٹی فورسز تعینات رہیں گی۔