پی سی بی کاسینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان، محمد رضوان، شان مسعود اور صائم ایوب فہرست سے باہر

لاہور (خبر ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 38 قومی مرد کرکٹرز کیلئےنئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا، جن کا اطلاق یکم نومبر 2026ء سے 30 جون 2027ء تک ہوگا۔نئے معاہدوں کے تحت روایتی اے، بی، سی اور ڈی کی درجہ بندی ختم کرکے کھلاڑیوں کو کھیل کے مختلف فارمیٹس اور ترقیاتی منصوبے کی بنیاد پر پانچ زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

نئے نظام میں بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کے معاہدے دیے گئے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ کیلئے اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل کو شامل کیا گیا ہے۔

ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل کے معاہدے حاصل کرنے والوں میں ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

ٹی 20 انٹرنیشنل کے معاہدے حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق کو دیے گئے ہیں۔

پی سی بی نے ترقیاتی زمرے میں 19 کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے، جن میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طحہٰ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، ثاقب خان، شہ زیب خان، شمیل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔

نئے معاہدوں میں سابق کپتان محمد رضوان، شان مسعود اور صائم ایوب سمیت متعدد نمایاں کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکے۔ دیگر محروم رہ جانے والے کھلاڑیوں میں امام الحق، حسن علی، عبداللہ شفیق اور محمد حارث بھی شامل ہیں۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کے مطابق نئی درجہ بندی میں سلیکشن کمیٹی اور کوچنگ اسٹاف کی مشاورت سے کھلاڑیوں کی مختلف فارمیٹس میں صلاحیتوں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ نئے نظام سے کھلاڑیوں کو اپنے مخصوص فارمیٹس پر توجہ دینے اور تیاری کے لیے واضح سمت ملے گی۔عاقب جاوید نے وضاحت کی کہ کسی مخصوص فارمیٹ کا معاہدہ کھلاڑی کو دوسرے فارمیٹس میں قومی ٹیم کی نمائندگی سے نہیں روکے گا اور حتمی انتخاب ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہوگا۔