ریاض (خبر ایجنسیاں) سعودی عرب کی اتحادی افواج نے دارالحکومت ریاض اور جازان کی جانب داغے گئے 5 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق جمعے کی شام جازان کی جانب داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل سعودی فضائی دفاعی نظام نے روک کر تباہ کردیے۔ تاہم میزائلوں کا ملبہ جازان کے علاقے الشقیق میں گرا، جس کے بعد متعلقہ حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
دوسری جانب ہفتے کی علی الصباح یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض کو نشانہ بنانے کیلئے 3 بیلسٹک میزائل داغے گئے، جنہیں سعودی فضائی دفاعی نظام نے تباہ کردیا۔
سعودی شہری دفاع نے ریاض میں فضائی حملے کے خطرے سے متعلق ہنگامی انتباہ جاری کیا تھا، جس کے دوران شہر میں دو دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ خطرہ ٹلنے کے بعد انتباہ واپس لے لیا گیا۔اتحادی افواج کے مطابق جمعے کے روز سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں 5 ڈرونز اور 3 بیلسٹک میزائل بھی تباہ کیے گئے تھے۔
یہ واقعات ایسے وقت پیش آئے ہیں جب سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان حملوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ اس سے قبل سعودی اتحادی افواج نے یمن کے دارالحکومت صنعاء اور بندرگاہ الحدیدہ میں حوثی باغیوں کے اسلحہ اور میزائلوں کے ذخائر کو نشانہ بنانے کی کارروائی بھی کی تھی۔

