اونٹاریو (نمائندہ خصوصی)کینیڈین حکومت نے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں ملکی اسٹیل اور لکڑی کی صنعتیں قومی معیشت کی مضبوطی کیلئےبنیادی حیثیت رکھتی ہیں، اسی لئےان شعبوں کو مضبوط بنانے کیلئےبڑے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ٹریژری بورڈ کے صدرشفقت علی نے برانن اسٹیل برامپٹن کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی اسٹیل کی درآمدات پر سخت پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں اور ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے کینیڈین اسٹیل اور لکڑی کا استعمال بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ’’وقت آ گیا ہے کہ کینیڈا میں تعمیرات کینیڈین اسٹیل اور کینیڈین لکڑی سے ہی کی جائیں، تاکہ ہماری صنعتیں مضبوط ہوں اور روزگار میں اضافہ ہو۔‘‘

شفقت علی کے مطابق حکومت کا منصوبہ ہے کہ ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں اور بڑے پروجیکٹس میں مقامی مواد کے استعمال کو ترجیح دی جائے تاکہ صنعتوں کو زیادہ مواقع میسر آئیں اور کینیڈا معاشی اعتبار سے زیادہ خودمختار بن سکے۔
دریں اثناءکینیڈا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اسٹیل اور نرم لکڑی (softwood lumber) کی ملکی صنعتوں کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر متعدد نئے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ بین الاقوامی تجارتی دباؤ، درآمدی مقابلے اور معاشی بے یقینی سے محفوظ رہ سکیں۔
حکومت نے اسٹیل درآمدات پر پابندیاں سخت کرتے ہوئے کہا کہ غیر فری ٹریڈ ایگریمنٹ ممالک کیلئے 2024 کی درآمد کی سطح کے مقابلے میں کوٹا صرف 20 فیصد ہوگا، اور FTA مگر غیر CUSMA ممالک کیلئے کوٹا 75 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، ونڈ ٹاورز، پری فاب عمارتیں، فاسٹنرز اور تار جیسی اسٹیل مشتقات پر 25 فیصد عالمی ٹیرف عائد کیا جائیگا۔ سرحدی نگرانی اور درآمدی قوانین کی خلاف ورزی روکنے کیلئےخصوصی اسٹیل کمپلائنس ٹیم تشکیل دی جائیگی اور درآمدی دستاویزات کی جانچ، آن لائن رپورٹنگ ٹولز اور جھوٹی ڈیکلریشنز کی روک تھام کے اقدامات کیے جائیں گے۔
مزید برآں، حکومت ریلوے کمپنیوں کے ساتھ مل کر 2026 کے موسم بہار سے اسٹیل و لکڑی کی بین الصوبائی نقل و حمل کے کرایوں میں 50 فیصد کمی کریگی تاکہ نقل و حمل کی لاگت کم ہو اور مقامی مصنوعات سستی ہوں۔ ایک نیا وفاقی ہاؤسنگ ایجنسی Build Canada Homes قائم کی جائیگی جس کیلئے تقریباً 700 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں اور اس کے تحت ملٹی ایئر ہاؤسنگ منصوبوں کو ترجیح دی جائیگی جو اگلے 12 ماہ میں شروع کیے جائیں اور جن میں کینیڈین لکڑی استعمال ہو۔ اس اقدام سے 70 سے 140 ملین ڈالر کی نئی ملکی لکڑی کی طلب پیدا ہونے کی توقع ہے۔
حکومت جلد ہی Buy Canadian Policy نافذ کریگی، جس کے تحت 25 ملین ڈالر سے زائد کے وفاقی ٹھیکوں اور گرانٹس میں اسٹیل اور لکڑی کیلئےملکی مواد کو ترجیح دینا لازمی ہوگا۔
مزدوروں اور صنعتی اداروں کے تحفظ کیلئےحکومت 2025–2026 کے دوران 100 ملین ڈالر مختص کریگی تاکہ وہ فرمیں جنہوں نے ورک شیئرنگ معاہدے کیے ہوں اور ملازمین کی گھنٹیاں کم ہوں، انہیں مالی معاونت دی جائے اور ملازمین کی آمدن میں اضافہ کیا جائے۔ توقع ہے کہ یہ اقدام تقریباً 26000 کارکنان کو فائدہ دیگا۔
نرم لکڑی صنعتوں کیلئے، Business Development Bank of Canada (BDC) کے Softwood Lumber Guarantee پروگرام کو اضافی 500 ملین ڈالر فراہم کیے جائیں گے، اور مائعیت (liquidity) کے دباؤ سے نبردآزما فرموں کی مدد کیلئے Large Enterprise Tariff Loan facility کے تحت 500 ملین ڈالر کی مزید مالی امداد دی جائیگی۔ لکڑی کی صنعت کی ترقی کی نگرانی اور طویل مدتی حکمت عملی مرتب کرنے کیلئےایک نیا Canadian Forest Sector Transformation Task Force بھی تشکیل دیا جائیگا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے ملکی اسٹیل و لکڑی کی صنعتیں مضبوط ہونگی، ملازمتیں محفوظ رہیں گی اور کینیڈا اقتصادی طور پر زیادہ خود کفیل اور مضبوط بنے گا۔

