لندن(سپورٹس ڈیسک)بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اوول ٹیسٹ میں انگلینڈ کو صرف 6 رنز سے شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی پانچ میچوں پر مشتمل اینڈرسن ٹنڈولکر ٹرافی 2-2 سے برابر ہو گئی۔
لندن کے تاریخی اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے آخری روز بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو محض 6 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت کی جانب سے محمد سراج نے فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کو آخری دن جیت کیلئے 35 رنز درکار تھے اور اس کی صرف چار وکٹیں باقی تھیں۔ دن کے آغاز پر جمی اوورٹن نے دو چوکے لگا کر انگلینڈ کو پرامید آغاز فراہم کیا، مگر جلد ہی محمد سراج نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ سراج نے پہلے جیمی اسمتھ اور پھر جمی اوورٹن کو آؤٹ کر کے بھارت کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔
جوش ٹنگ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ زخمی ہونے کے باوجود کرس ووکس بیٹنگ کیلئےمیدان میں اترے، جب کہ گس ایٹکنسن نے دوسری جانب سے مزاحمت جاری رکھی، تاہم وہ بھی 6 رنز کے فاصلے پر محمد سراج کا شکار بنے۔
یوں انگلینڈ کی پوری ٹیم 367 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی، اور بھارت نے سنسنی خیز مقابلے میں صرف 6 رنز سے فتح سمیٹی۔انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 111 اور جو روٹ نے 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، مگر وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔بھارت کے محمد سراج نے 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ پراسدھ کرشنا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی پانچ میچوں کی اینڈرسن ٹنڈولکر ٹرافی 2-2 سے برابر ہو گئی۔

